ناجائز تجاوزات، جنگلات کی کٹائی، ذخیرہ اندوزی، ڈی سلٹنگ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ماسٹر پلاننگ کے حوالے سے اہم فیصلے
پشاور : چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیر صدارت گورننس امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور گورننس میں بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ عوامی فلاح و بہبود، ماحولیاتی تحفظ اور شہروں کی خوبصورتی کے لیے جامع منصوبہ بندی پر عمل درآمد تیز کیا جا رہا ہے۔

ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائیاں
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں آبی گزرگاہوں اور ندی نالوں پر قائم ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں گی تاکہ آئندہ سال مون سون اور غیر متوقع بارشوں کے دوران کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔ ہر ہفتہ وار اجلاس میں اس ضمن میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی طے پایا کہ واگزار کرائی گئی زمین پر برجیاں لگائی جائیں گی اور باؤنڈری لائنز مقرر کی جائیں گی تاکہ مستقبل میں دوبارہ تجاوزات نہ ہو سکیں۔
جنگلات کی کٹائی اور این او سی کا غلط اجراء
اجلاس میں بتایا گیا کہ جنگلات کی کٹائی کے مسئلے پر محکمہ جنگلات نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، غیر قانونی تعمیرات کے لیے این او سی جاری کرنے والے تحصیل میونسپل افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ ماحولیاتی توازن اور قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ مصنوعی قلت اور قیمتوں میں ناجائز اضافے کو ہر صورت روکا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ڈی سلٹنگ اور ندی نالوں کی صفائی
سیلاب کے دوران ندی نالوں اور کنالز میں آنے والے ملبے اور پتھروں کی صفائی (ڈی سلٹنگ) کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ چھوٹے پلوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ری ماڈل کیا جائے گا تاکہ پانی کے بہاؤ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو اور بارشوں کے دوران شہروں اور دیہات میں سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے۔
گلیات میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبہ
اجلاس میں بتایا گیا کہ گلیات میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پی سی ون منظور کر لیا گیا ہے۔ اس ماڈل کے تحت فیز ون میں گلیات کی صفائی جدید تقاضوں اور ماحولیاتی اصولوں کے مطابق کی جائے گی۔ کچرے کو علاقے سے باہر محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ سیاحت کے مراکز اپنی خوبصورتی برقرار رکھ سکیں۔
کمراٹ اور گلیات کا ماسٹر پلان
اجلاس میں بتایا گیا کہ کمراٹ کے ماسٹر پلان پر کام شروع ہو چکا ہے، اور اس کی تکمیل تک علاقے میں نئی تعمیرات پر پابندی عائد رہے گی۔ اسی طرح گلیات کا ماسٹر پلان بھی نومبر تک مکمل کر لیا جائے گا تاکہ سیاحتی اور رہائشی مقامات کو جدید طرز پر منظم کیا جا سکے۔پشاور اپ اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کے لیے پشاور اپ لفٹ اینڈ بیوٹیفکیشن پلان کی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے پر دو پیکجز میں کام کیا جائے گا۔ بی آر ٹی اسٹیشنز کے اطراف ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو سفری سہولت میں بہتری حاصل ہو۔