
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تاریخی اور غیر معمولی ریسکیو، ریلیف اور انخلا کے آپریشن تیزی سے جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کو اس وقت تین بڑے دریاؤں میں ایک غیر معمولی اور تاریخی سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل متاثرین کی مدد کے لیے بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشنز، ریسکیو 1122 اور دیگر محکمے دن رات متاثرہ افراد کو ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ حالیہ شدید بارشوں کے تناظر میں 6 ہزار سے زائد ٹینٹ اور کشتیاں ریلیف آپریشن کے لیے بھجوائی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے بالخصوص جنوبی پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں خصوصی انتظامات کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں ریلیف کیمپس فعال ہیں جہاں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ان کی ہدایت پر ریلیف کیمپس میں وبائی امراض کی روک تھام کے لیے فومیگیشن، مچھر مار اور ڈس انفیکشن اسپرے جاری ہیں جبکہ "ستھرا پنجاب” ٹیمیں کیمپوں کی صفائی اور حفظان صحت کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں۔
مزید برآں ریلیف کیمپس میں صحت اور لائیوسٹاک سروس کاؤنٹرز 24 گھنٹے فعال ہیں جہاں تربیت یافتہ عملہ طبی اور ویٹرنری سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ماہر ڈاکٹرز، ادویات، معیاری خوراک اور ویکسینیشن کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مویشیوں کے لیے چارہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت ہر متاثرہ شہری کی حفاظت، صحت اور عزت کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔