لیہ: حکومت نے پرائمری سکولوں کے آفٹر نون پروگرامز ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، جو آج ہفتہ 13 ستمبر 2025 سے نافذالعمل ہوگیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق فیصلے کے تحت لیہ میں چلنے والے 383 آفٹر نون سکولز بند کر دیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں 12132 طلبہ کا تعلیمی سلسلہ متاثر ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی ان پروگرامز میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی تنخواہیں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گورنمنٹ سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کی مجموعی تعداد 282355 ہے، تاہم آفٹر نون پروگرامز کے خاتمے سے متاثر ہونے والے بچوں کے لیے متبادل تعلیمی منصوبہ تاحال سامنے نہیں آیا۔
تعلیمی حلقوں اور والدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس فیصلے سے تعلیم چھوڑنے والے بچوں کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے اور بنیادی تعلیم کا حصول مزید مشکل ہو جائے گا۔