
بہاولپور: وفاقی محتسب ریجنل آفس بہاولپور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید فضل رضا رضوی نے اپنے دفتر میں زیر التوا 50 کیسز کی سماعت کی۔ ان کیسز میں میپکو خان پور، نادرا، ریلوے اور سوئی گیس سمیت دیگر وفاقی محکموں کے مقدمات شامل تھے۔ سماعت کے دوران تقریباً 25 لاکھ روپے کا ریلیف شکایت کنندگان کو فراہم کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی آر ڈی کے تحت درج شکایات کو بھی سنا گیا۔
سید فضل رضا رضوی نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو چاہیے کہ بلاخوف و خطر وفاقی محکموں کے خلاف شکایات درج کرائیں، کیونکہ وفاقی محتسب دفتر میرٹ پر فوری انصاف کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر کیس کا فیصلہ صرف 60 دن کے قلیل عرصے میں بغیر کسی فیس اور وکیل کے کیا جاتا ہے، جبکہ اس مشکل دور میں رشوت اور سفارش کے بغیر سائلین کو انصاف مل رہا ہے۔
شکایت کنندگان نے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب ان کے لیے مسیحا ثابت ہوا ہے اور حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے جذبے کے تحت انصاف فراہم کیا جا رہا ہے۔