اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کوئٹہ اور ضلع کیچ میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی دو مختلف کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ان آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے میدان میں موجود ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست اور عوام متحد اور پرعزم ہیں، اور یہ قربانیاں وطن عزیز میں امن اور سلامتی کی ضمانت ہیں۔