لیہ : ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام محکمے انسدادِ پولیو مہم کو پلان کے مطابق کامیاب بناتے ہوئے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے میں مؤثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے یہ بات انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر غلام محی الدین، ڈاکٹر محمد یونس کلیہ، ڈی ای او گل شیر، ڈبلیو ایچ او سے ڈاکٹر گلبدین، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر صائمہ سیماب، ڈاکٹر کاشف محبوب (لائیو اسٹاک)، فوکل پرسن علی احمد، شہزادہ محمد، مہر شفیق تھند سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کا آغاز 13 اکتوبر کو تھل اسپتال سے کیا جائے گا جو 16 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے 2 قطرے پلانے کا ٹارگٹ ہر صورت مکمل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کی خوراک بھی لازمی دی جائے، تاکہ ان میں قوتِ مدافعت کا نظام مضبوط ہو اور وہ مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں مہم کے دوران 1797 ٹیمیں خدمات انجام دیں گی، جبکہ 58 ٹرانزٹ پوائنٹس، نشیبی اور تھل کے علاقوں پر خصوصی فوکس رکھا جائے گا تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے آخر میں تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ مہم کی مانیٹرنگ، رپورٹنگ اور فیلڈ کارکردگی کو بہترین بنائیں تاکہ ضلع لیہ کو پولیو فری بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔
