لیہ: ضلع لیہ میں بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جو 13 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز ضلع لیہ کے صدر محمد شفیق تھند نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے، اس لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے نجی اسکولوں کے مالکان اور پرنسپلز پر زور دیا کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور والدین کو آگاہ کریں کہ پولیو کے قطرے پلوانا بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ محمد شفیق تھند نے کہا کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے، اس کے لیے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور والدین سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومتِ پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً والدین کو چاہیے کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ہر بچے کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ آئندہ نسل کو مستقل معذوری سے بچایا جا سکے.محکمہ صحت کی جانب سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ افسرانِ صحت نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ضلع لیہ کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

