بستی بصیرا کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں عارضی لکڑیوں سے بنے کمرے میں آگ لگنے کے نتیجے میں تین بچے جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کو کمرے میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر امدادی ٹیموں کو فوری طور پر جائے حادثہ روانہ کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی تحقیقات پر معلوم ہوا کہ کمرے کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کے میٹر کی تار میں سپارکنگ کے باعث آگ بھڑکی۔
ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائر فائٹنگ کے ذریعے آگ پر قابو پا لیا، تاہم آگ لگنے سے عارضی لکڑیوں کے کمرے میں سوئے ہوئے تین بچے جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق بچوں کی شناخت دعا فاطمہ، جویریہ اور دعا کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو 1122 نے جاں بحق بچوں کی لاشیں تحصیل ہسپتال کروڑ منتقل کر دیں۔ امدادی آپریشن میں ایک فائر وہیکل اور ایک ریسکیو ایمبولینس سمیت دو گاڑیوں نے حصہ لیا۔ واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
