کوٹ سلطان: تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ سلطان میں ادویات کی عدم دستیابی کے حوالے سے شہریوں کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات ایک والد اپنی 14 ماہ کی بخار میں مبتلا بچی کو علاج کے لیے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ لے کر پہنچا، جہاں ڈاکٹر کے معائنے کے بعد مبینہ طور پر ہسپتال میں مطلوبہ ادویات اور طبی سامان دستیاب نہ ہونے کا بتایا گیا۔ذرائع کے مطابق والد کو علاج کے لیے درکار تمام ادویات، انجکشن، سرنجیں، برنولا اور ٹیپ تک نجی میڈیکل اسٹورز سے خریدنے کی ہدایت کی گئی۔ مجبور والد اپنی ننھی بیٹی کے علاج کی خاطر رات بھر مختلف اشیاء باہر سے خرید کر لاتا رہا تاکہ علاج کا عمل جاری رہ سکے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اور بنیادی طبی سامان کی عدم دستیابی کے باعث غریب اور نادار مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ عوامی حلقوں نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ سلطان سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کو علاج کی بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔


