تحریر: محمد کامران تھند
الحمدللہ! میرا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ لیہ کی گلی کوچوں سے لے کر اس کے علمی ادبی ،سیاسی و سماجی حلقوں تک، میرا اور میرے گھرانے کا ذکر عزت اور احترام سے کیا جاتا ہے۔ میں اُن تمام دوستوں، احباب اور محسنوں کا شکر گزار ہوں جو دل کی گہرائیوں سے مجھے عزت دیتے ہیں۔ یہ عزت و تکریم نہ دولت سے خریدی جا سکتی ہے، نہ طاقت سے چھینی جا سکتی ہے۔ یہ صرف اور صرف میرے رب کا انعام ہے، جس کے بارے میں اُس نے فرمایا: "وہی ہے جو جسے چاہے عزت دیتا ہے اور جسے چاہے ذلت دیتا ہے”۔
چند روز سے سوشل میڈیا کی دنیا میں کچھ لوگ میری تصاویر کے ساتھ مختلف پوسٹس پھیلا رہے ہیں۔ نہ مجھے ان پر غصہ ہے، نہ گلہ۔ وہ کیا چاہتے ہیں، یہ ان کا معاملہ ہے۔ مگر یاد رکھیں! بدگمانی اور بہتان کا بوجھ اٹھانا آسان نہیں، اور اس کا حساب دنیا میں نہ سہی، آخرت میں ضرور دینا پڑے گا۔
ہفت روزہ اخبار لیہ صرف ایک اشاعتی ادارہ نہیں، یہ ہمارے خاندان کی صحافتی وراثت اور اعزاز ہے۔ اس کے صفحات پر صرف خبریں نہیں چھپتیں، بلکہ لیہ کی دھڑکن، اس کے مسائل، اس کی خوشیاں اور اس کی تکالیف رقم ہوتی ہیں۔ ماضی میں بے شمار لوگ اس ادارے کا حصہ رہے، آج کوئی سینئر صحافی ہے، کوئی جونیئر، مگر سب کا اس سے ایک رشتہ ضرور جڑا رہا۔ بزرگ آج بھی فخر سے بتاتے ہیں کہ انہوں نے اخبار لیہ کے ساتھ قلمی یا عملی سفر کیا۔
نومبر 2024 میں دفتر کی منتقلی ہاؤسنگ کالونی نمبر 2، بی بلاک کی کمرشل مارکیٹ میں ہوئی۔ یہ سنگِ میل میرے لیے اس لیے بھی خاص تھا کہ اس موقع پر میرے بڑے بھائی محمد شفیق تھند (صدر فیڈریشن آف پرائیویٹ سکولز ضلع لیہ) نے حسبِ روایت مالی معاونت فراہم کی، جو ہمیشہ میری حوصلہ افزائی اور سپورٹ میں پیش پیش رہتے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ضلع لیہ نثار احمد خان، بڑے بھائی پروفیسر حفیظ اللہ تھند اور سابق صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ عبدالرحمن فریدی نے ربن کاٹ کر نئی شروعات کا اعلان کیا۔ لیہ شہر کے سینئیر و نوجوان صحافیوں سمیت مضافات پریس کلب کے صدور و سیکرٹریز، اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے دوست احباب بھی شریک تھے۔
افتتاح کے بعد، دفتر میں مختلف تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔ یومِ پیدائش قائداعظم محمد علی جناح کی تقریب میں پیسٹی سائیڈ سیلز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ایک معروف کمپنی کے جنرل منیجر، ریجنل منیجرز اور زونل منیجرز سمیت صحافی برادری نے بھرپور شرکت کی۔ اسی شام سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کی سالگرہ کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں ایم پی اے ن لیگ سمعیہ عطا شہانی نے شرکت کر کے کیک کاٹا۔ بعد ازاں، عالمی یومِ صحافت کی تقریب میں ضلع بھر کے صحافیوں نے شرکت کی اور صحافت کے کردار اور چیلنجز پر اظہارِ خیال کیا۔ اس کے علاوہ دیگر تقریبات کے ساتھ لیہ میڈیا ہاوس کے زیراہتمام معرکہ بنیان المرصوص کی کامیابی اور دشمن کو بھرپور جواب دینے پر پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کی ریلی نکالی گئی جس میں استحکام پاکستان پارٹی صدر جنوبی پنجاب سید رفاقت شاہ گیلانی نے بھی شرکت کی۔۔۔
یہ دفتر صرف خبر کا مرکز نہیں، بلکہ مکالمے اور عوامی مسائل کے حل کا دروازہ بھی ہے۔ یہاں صبح دس بجے سے مغرب تک ہر خاص و عام کے لیے دروازے کھلے رہتے ہیں۔ یہاں نہ کوئی چوکیدار ہے، نہ پہرہ دار، نہ اجازت نامے کی شرط۔ ہم آنے والے کے لباس، حیثیت، یا ماضی کو نہیں پرکھتے۔ چاہے وہ مزدور ہو یا صنعتکار، فقیر ہو یا عالم، منشیات کا عادی ہو یا کسی دین کی دعوت دینے والا، سب کا خیر مقدم ہے۔
اور آج، میرا پیغام اُن کے لیے ہے جو میرے بارے میں کچوکے لگاتے ہیں، کردار کشی کی راہ پر ہیں:
آگے بڑھو! اپنی بھڑاس نکالو! اپنی زبان کا زہر انڈیل دو! کیونکہ میرا ضمیر مطمئن ہے اور میرا دامن صاف ہے۔ میں اپنی روٹی محنت سے کماتا ہوں، کسی کے ٹکڑوں پر نہیں جیتا۔ میرا دفتر اور میری صحافت نہ نوٹوں سے بکتی ہے نہ دھونس سے دبتی ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کے فضل، بڑے بھائیوں کے تعاون اور مسلسل مالی و اخلاقی سپورٹ سے کل بھی قائم تھی، آج بھی قائم ہے اور کل بھی قائم رہے گی، ان شاء اللہ۔