لیہ، 13 اگست 2025ء (نمائندہ خصوصی) — "معرکۂ حق: حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک” کے عنوان سے جاری جشنِ آزادی تقریبات کو کامیاب اور یادگار بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لیہ مکمل طور پر متحرک اور الرٹ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے آزادی کی تقریبات کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے ضلعی مشینری کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر نے شہر کے مختلف مقامات، سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور چوراہوں کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا:
"آزادی ایک عظیم نعمت ہے، اور اس کا شکر عملی اقدامات، قومی یکجہتی اور خدمتِ خلق کے ذریعے ہی ادا کیا جا سکتا ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ جشن آزادی کے موقع پر شہر کو سبز ہلالی پرچموں، برقی قمقموں اور خوبصورت سجاوٹ سے روشن کیا جا رہا ہے، تاکہ شہری قومی جوش و جذبے کے ساتھ یہ دن منا سکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شبیر احمد ڈوگر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ:
"تقریبات کے دوران سیکیورٹی، صفائی اور ٹریفک کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہری آزادی کا دن خوشی، تحفظ اور سہولت کے ساتھ مناسکیں۔”
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ جشنِ آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور وطن سے محبت کا عملی مظاہرہ کریں۔