لاہور
پنجاب کی وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف نے حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے 982 ویں سالانہ عرس کے آغاز پر ان کی روحانی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر زائرین کی سہولت اور تحفظ کے لیے متعدد اہم انتظامی اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واضح طور پر حکم دیا کہ عرس داتا گنج بخشؒ اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت اور مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دربار پر آنے والے تمام زائرین عزت و احترام کے مستحق ہیں اور ان کے آرام و سہولت کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جانا چاہیے۔
مریم نواز نے لنگر، سبیل، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ داتا دربار کے گرد و نواح میں خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی اور سیکیورٹی کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب صوفیائے کرام کی روایات کے مطابق مہمان نوازی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے زائرین کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ زائرین کا تحفظ اور آرام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔