ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں بارشوں اور بادل پھٹنے کی پیش گوئی، انتظامیہ ہائی الرٹ
ڈیرہ غازی خان (17 اگست 2025) — محکمہ موسمیات نے 23 اگست تک ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں شدید بارشوں اور بادل پھٹنے (Cloudburst) کی پیشن گوئی کی ہے۔ اس ممکنہ خطرے کے پیش نظر ضلعی اور ڈویژنل سطح پر تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
کمشنر کی زیر صدارت اجلاس
کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سیف اللہ جاوید، ایس سی انہار ذیشان علی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر احمد کمال، ڈی بی اے شہزاد قدیر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔
متوقع بارشیں اور دریاؤں کی صورتحال
اجلاس میں بتایا گیا کہ 23 اگست تک دو بڑے بارشی سلسلے متوقع ہیں جن سے دریاؤں اور رود کوہیوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اتوار صبح 6 بجے تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 20 ہزار کیوسک اور اخراج 4 لاکھ 17 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
نشیبی علاقوں سے بروقت انخلاء مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپس بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔
عوامی آگاہی اور حفاظتی اقدامات
عوام کو مساجد اور دیگر ذرائع سے سیلابی صورتحال کے حوالے سے مسلسل آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ رود کوہیوں کی گزرگاہوں، ڈرینیج سسٹم اور کلورٹس کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ فیلڈ ٹیمیں سرگرم ہیں۔
شہری اور دیہی علاقوں کے لیے ہدایات
کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے ڈی واٹرنگ سیٹس اور ڈسپوزل ورکس کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔
اس کے علاوہ:
- جانوروں کی ویکسی نیشن اور چارے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
- سانپ کے کاٹنے کی ویکسین کا بھی بندوبست کیا جائے۔
- دریاؤں اور ندی نالوں میں کشتی رانی اور نہانے پر پابندی سختی سے نافذ کی جائے۔
- ملاحوں کے لیے لائف جیکٹس کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشقیں
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ہدایت دی کہ سیلاب سے نمٹنے کی مشقوں کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں