وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بارشوں کے دوران پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس پہنچیں اور کنٹرول روم کا دورہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے تمام ڈپٹی کمشنرز سے بریفنگ لی اور جاری ریسکیو آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں اب تک ساڑھے چھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ پانچ لاکھ 97 ہزار افراد کو ریسکیو اور ٹرانسپورٹ کیا گیا۔ مختلف اضلاع میں ریلیف کیمپ قائم ہیں جہاں متاثرین کو کھانے پینے اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا سیلابی صورتحال پر ہنگامی اجلاس، ساڑھے چھ لاکھ افراد محفوظ مقامات منتقل
رپورٹ کے مطابق جھنگ میں 411، حافظ آباد میں 120، چنیوٹ میں 146، اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 52 گاؤں متاثر ہوئے، جہاں لاکھوں افراد کو بروقت نکالا گیا۔ لاہور، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، قصور، شیخوپورہ اور دیگر اضلاع میں بھی ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2 ستمبر تک مزید بارشوں کا امکان ہے جبکہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کی صورت میں سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ کوہِ سلیمان کی رود کوہیوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے، ریلیف کیمپوں میں سہولیات مزید بہتر بنانے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی۔
(ذرائع: وزیراعلیٰ آفس / پی ڈی ایم اے پنجاب)