لاہور (پریس ریلیز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے لیے چارہ اور ونڈا فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے مختلف سیلاب زدہ اضلاع میں لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سبز چارہ اور انمول ونڈا تقسیم کیا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ کسانوں اور دیہی آبادی کو ایڈوائزری سروس بھی مہیا کی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق ساہیوال، شیخوپورہ، گجرات، جھنگ، بہاولنگر، فیصل آباد اور گجرانوالہ میں چارہ فراہم کیا گیا ہے۔ پاکپتن میں فلڈ ریلیف کیمپوں میں انمول ونڈا تقسیم کیا گیا جبکہ حافظ آباد، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، بہاولپور اور وہاڑی کے متاثرہ علاقوں میں بھی مویشیوں کے لیے چارہ، ونڈا اور توڑی مہیا کی گئی ہے۔

فلڈ ریلیف کیمپوں میں مہار شریف، منچن آباد، جھلا موڑ، گڑھ فتح شاہ، چیک شیر طیب، چیچہ وطنی، مریدکے اور ترنڈہ محمد پناہ شامل ہیں جہاں متاثرہ خاندانوں کو اپنے مویشیوں کے لیے فوری سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ضلعی رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اب تک تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ مویشیوں کو سیلاب زدہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خود بھی تلوار پوسٹ کا دورہ کیا اور بیڑے پر مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ سیلاب متاثرہ کسانوں اور ان کے مویشیوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ معاشی نقصان کم سے کم ہو سکے۔