سوڈان: مرہ پہاڑیوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق
سوڈان کے مغربی علاقے مرہ پہاڑیوں میں شدید بارشوں کے بعد آنے والی لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حادثے میں صرف ایک شخص زندہ بچ سکا جبکہ ترسین گاؤں کا بیشتر حصہ ملبے تلے دب گیا۔
باغی گروپ سوڈان لبریشن موومنٹ/آرمی نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔ اس علاقے میں زیادہ تر وہ لوگ آباد تھے جو شمالی دارفور سے خانہ جنگی اور بدامنی کے باعث یہاں پناہ لینے پر مجبور ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ اپریل 2023 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی نے ملک کو شدید انسانی بحران میں مبتلا کر رکھا ہے۔ مختلف اندازوں کے مطابق اب تک ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔
ادھر سوڈان لبریشن موومنٹ کے دھڑوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ فوج کے ساتھ مل کر نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ مقامی آبادی کا الزام ہے کہ RSF اور اس کے حامی ملیشیاز نسلی بنیادوں پر خطے کو عرب غلبے والے علاقے میں بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔