ملتان میں پولیس اہلکار نے دو موٹر سائیکل سواروں کو تھپڑ مارے جب وہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر بند کی گئی سڑک پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ واقعے پر موقع پر موجود شہری برہم ہوگئے اور پولیس کے رویے کے خلاف آواز بلند کی۔
عینی شاہدین کے مطابق شہری گرے والا چوک سے دوسری سمت جانے کی کوشش کر رہے تھے اور حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کر رہے تھے۔ تاہم پولیس اہلکار کے سخت رویے پر وہاں موجود کئی افراد نے احتجاج کیا اور کہا کہ عوام کو سمجھانے کے بجائے تشدد کا سہارا لینا افسوسناک ہے۔
ایک شہری نے کہا کہ “ہمیں اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے کوئی متبادل راستہ دکھایا جانا چاہیے تھا، مارپیٹ مسئلے کا حل نہیں ہے۔” ایک اور متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ “ہم پہلے ہی سیلابی خطرے سے پریشان ہیں، پولیس کا ایسا رویہ ہمارے دکھوں میں اضافہ کر رہا ہے۔”
پولیس نے دریائے چناب میں پانی کی بڑھتی سطح کے باعث محمدوالہ روڈ سیل کر دیا۔ دریائے چناب کا بڑا ریلا اس وقت ہیڈ تریموں سے گزر رہا ہے اور توقع ہے کہ آج رات تک ملتان پہنچ جائے گا۔ ہیڈ سدھنائی پر بھی پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے جس سے پیر محل اور خانیوال کو خطرہ لاحق ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق اس وقت ہیڈ محمدوالہ پر پانی کا لیول 408 فٹ ہے جبکہ خطرے کی حد 417 فٹ ہے۔ حکام نے بتایا کہ پانی کے بہاؤ کی رفتار اور شدت سمیت دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے تکنیکی کمیٹی ہیڈ محمدوالہ کو توڑنے یا نہ توڑنے کا فیصلہ کرے گی