پاکستان میں سونے کی قیمت پیر کے روز تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد مقامی سطح پر بھی سونے کے نرخ تیزی سے اوپر گئے۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن (APSGJA) کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 3 ہزار 300 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 70 ہزار 700 روپے کا ہو گیا، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 829 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 17 ہزار 815 روپے تک پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس سونا 33 ڈالر بڑھ کر 3 ہزار 480 ڈالر پر جا پہنچا، جس میں 20 ڈالر کا پریمیم بھی شامل ہے۔ اس طرح سونا اب اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح سے صرف 23 ڈالر کم رہ گیا ہے۔
خیال رہے کہ ہفتہ کے روز بھی مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 600 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 67 ہزار 400 روپے تک پہنچ گئی تھی۔