لیہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی اور میلاد کمیٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنرز حارث حمید خان، محبوب اقبال ہنجرا، نعمان محمود، ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف مہر حفیظ احمد سمیت امن و میلاد کمیٹی کے ارکان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن آمد رسول ﷺ کو مذہبی عقیدت و احترام اور شایانِ شان طریقے سے منانے کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا، صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات ہوں گے، جبکہ سکیورٹی اور ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں، اور 12 ربیع الاول کے موقع پر انہی پیغامات کو اجاگر کیا جائے گا۔
اجلاس میں کمیٹی ارکان نے تجاویز پیش کیں جنہیں سراہا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، سیلاب متاثرین کی بحالی اور اللہ کی رحمت کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔