پلس پراجیکٹ سے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی، اسسٹنٹ کمشنر لیہ
لیہ (2 ستمبر 2025) اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے پلس پراجیکٹ کے تحت عوام کو زمین سے متعلقہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وہ اپنے دفتر میں پنجاب اربن لینڈ سسٹم انہانسمنٹ (پلس) کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں تحصیل لیہ کے ریونیو افسران نے شرکت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ منصوبے کا مقصد پنجاب کے شہروں میں زمین کے ریکارڈ اور شہری زمین کے انتظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے تاکہ رجسٹریشن، ملکیت اور ریکارڈ کے نظام کو شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں زمین کے استعمال کی منصوبہ بندی کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پلس پراجیکٹ سے زمین سے متعلق جھگڑوں اور دھوکہ دہی کے واقعات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ آن لائن اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے عوام کو زمین کے معاملات میں سہولت میسر ہوگی۔
انہوں نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور محنت کی جائے اور تمام اہداف مقررہ وقت پر مکمل کئے جائیں۔