لیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن "انصاف ہر شہری کا حق” پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ محمد علی وسیم نے شہریوں کے مسائل سننے کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا ہوا ہے۔
ڈی پی او نے اپنے دفتر میں مرد و خواتین سائلین سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے معاملات کو میرٹ پر اور فوری طور پر حل کیا جائے اور رپورٹ براہِ راست سماعت میں پیش کی جائے تاکہ انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

اس موقع پر شہری امیر حمزہ، تجمل حسین، محمد سرور، محمد رمضان، غلام عباس، عمران علی، محمد جاوید، محمد طارق، شہناز اختر، مسرت بی بی و دیگر نے اپنے انفرادی مسائل سے متعلق درخواستیں ڈی پی او کو پیش کیں۔
درخواستوں کا تعلق رقم لین دین تنازعات، تبدیلی تفتیش، ملزمان کی گرفتاری اور الزام علیہان کے خلاف قانونی کارروائی جیسے معاملات سے تھا۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری اور حقائق کی بنیاد پر حل یقینی بنایا جائے گا تاکہ انصاف سب کو بروقت مل سکے۔


