لیہ (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "آلودگی سے پاک پنجاب” پر عملدرآمد کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات کی جانب سے ضلع بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات ارشد چغتائی، انسپکٹر ذوالقرنین قریشی اور ٹیم نے تحصیل کروڑ میں بھٹہ خشت، فیکٹریوں، سروس اسٹیشنز اور ڈینگی لاروے کی ممکنہ جگہوں کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران ایک بھٹہ میں اینٹوں کی غیر قانونی ترتیب کو مسمار کر دیا گیا جبکہ تین مختلف بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے۔
اسی طرح ایک رائس مل میں آلودگی کنٹرول آلات نصب پائے گئے۔ چار سروس اسٹیشنز کا معائنہ کیا گیا، جن میں دو کو واٹر ری سائیکلنگ سسٹم نہ ہونے پر سیل کر دیا گیا جبکہ باقی کو فوری طور پر نظام کی تنصیب کی ہدایت کی گئی۔
مزید برآں، ڈینگی مچھر کی افزائش کے ممکنہ بیس سے زائد مقامات کا بھی معائنہ کیا گیا اور احتیاطی اقدامات پر زور دیا گیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات ارشد چغتائی نے بتایا کہ آلودگی پر قابو پانے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ضلع بھر میں مزید کارروائیاں جاری رہیں گی۔