وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ضلع لیہ کے سپیشل ایجوکیشن سنٹر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں 180 خصوصی بچوں میں یونیفارمز، جوتے اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا گیا۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، ہیڈ مسٹریس عظمیٰ عندلیب، اساتذہ، والدین اور بڑی تعداد میں بچے شریک تھے۔ تقریب کا آغاز خصوصی بچوں کی تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول ﷺ سے ہوا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے کسی بھی مہذب معاشرے کا لازمی جزو اور ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب ان کی تعلیم و تربیت، صحت اور بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں تاکہ یہ بچے احساسِ محرومی سے محفوظ رہیں اور مستقبل میں باشعور، خودمختار شہری بن سکیں۔
ہیڈ مسٹریس عظمیٰ عندلیب نے کہا کہ خصوصی بچوں کو ماہانہ 800 روپے وظیفہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ والدین کو تعلیمی اخراجات میں آسانی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ ہمیشہ ان بچوں کو معاشرے کا اہم حصہ قرار دیتی رہی ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں۔

اس موقع پر لڑکوں کو تین تین پینٹ شرٹ، بیلٹ، ٹائی، جرابیں، جرسی اور دو جوڑے جوتے جبکہ بچیوں کو تین تین شلوار قمیض، دوپٹہ، شال، جرابیں، جرسی اور دو جوڑے جوتے فراہم کیے گئے۔
تقریب کے آخر میں خصوصی بچوں اور ان کے والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس احسن اقدام پر دلی خوشی اور تشکر کا اظہار کیا۔