وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ اور روشن پنجاب ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی خصوصی ہدایت پر کالج روڈ لیہ پر اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور انہیں فعال کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو رات کے اوقات میں آمد و رفت میں آسانی اور بہتر سہولت فراہم کرنا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیہ شبیر احمد ڈوگر نے کالج روڈ پر میونسپل کمیٹی کی جانب سے جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی راشد عزیز غزنوی نے انہیں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کالج روڈ پر تمام اسٹریٹ لائٹس کو جدید خطوط پر مکمل فعال کر دیا گیا ہے جس سے شہریوں کو ریلیف ملے گا، حادثات میں کمی اور جرائم کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔
اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ لائٹس کی بحالی سے شہریوں کو سہولت ملی ہے اور عوامی خدمت کے دیگر منصوبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔