لاہور . وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چوہنگ فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے متاثرین کے ساتھ وقت گزارا، ان کے مسائل سنے اور بحالی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عارضی کلاس روم کا بھی معائنہ کیا، بچوں سے گفتگو کی اور تحائف تقسیم کیے۔ کمسن انعمتا نے تحائف ملنے پر اظہار تشکر کے طور پر وزیراعلیٰ کو گلے لگا لیا، جس پر وزیراعلیٰ نے خصوصی شفقت کا اظہار کرتے ہوئے ریڈ فراک بھی تحفے میں دیا۔ ایک اور کمسن بچے کی آشوب چشم کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے فوری علاج کی ہدایت دی اور فلڈ کیمپ میں موجود تمام بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کا حکم جاری کیا۔

وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں میں بھی تحائف تقسیم کیے اور کہا:
“پانی کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے، گھر بنانے میں بھی مدد کریں گے۔ فکر نہ کریں، حکومت آپ کے ساتھ ہے۔”
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فلڈ ریلیف کیمپ میں قائم میڈیکل سہولیات کا بھی جائزہ لیا، جن میں ای سی جی، ایکسرے اور ادویات کی فراہمی شامل ہے۔
کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے بریفنگ میں بتایا کہ:
- لاہور میں سیلابی ریلے سے 4,891 موضع متاثر ہوئے۔
- 36,658 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
- 13,621 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔
- شہر میں 7 فلڈ ریلیف کیمپ، 17 میڈیکل کیمپ اور 9 لائیو اسٹاک کیمپ قائم ہیں۔
- گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول چوہنگ میں 3 ہزار متاثرین مقیم ہیں۔

کیمپ میں متاثرین کو کھانا، منرل واٹر، دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ صفائی ستھرائی کے لیے ڈسٹ بنز اور واسا کا عملہ موجود ہے۔ متاثرین کی صحت کے لیے ڈاکٹر اور طبی عملہ 24/7 خدمات انجام دے رہا ہے۔