کوٹ سلطان :;کھرل عظیم تا گنجیاں والی پل روڈ خستہ حالی کے باعث کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ جگہ جگہ گڑھوں، ٹوٹ پھوٹ اور دھول مٹی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بارشوں کے دنوں میں یہ سڑک دلدل کا روپ دھار لیتی ہے جس سے حادثات کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
یہ اہم رابطہ سڑک متعدد دیہات کو شہری مراکز سے جوڑتی ہے مگر برسوں سے مرمت کی منتظر ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق روزانہ بچے سکول جاتے ہوئے، کسان اپنی اجناس منڈیوں تک پہنچاتے ہوئے اور شہری آمدورفت کے دوران مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ سیاسی رہنماؤں کی حمایت کی مگر بدلے میں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں۔ ایک شہری نے شکوہ کیا کہ “جب ہمارے حقوق کا پرسان حال ہی کوئی نہیں تو ہم نمائندوں کی عزت کیوں کریں؟ اب عزت دو، عزت لو کا اصول اپنائیں گے۔”
مقامی افراد نے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں سے فوری نوٹس لینے اور سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو آئندہ انتخابات میں عوام سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔
(بلال سہو)