لیہ: یومِ دفاع پاکستان 6 ستمبر کی مناسبت سے میونسپل کمیٹی ہائی اسکول لیہ میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گل شیر، ایجوکیشن آفیسر رمضان تھند، ڈی ڈی او بلال ملک، ہیڈ ماسٹر مظہر حسین سمیت محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6 ستمبر یومِ تجدیدِ عہد ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستانی قوم نے اپنے اتحاد اور جرات کے ساتھ دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ مسلح افواج کی قربانیاں اور بہادری ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ قومی خدمت کے جذبے کو بھی اپنائیں تاکہ مستقبل میں ملک کے معمار بن سکیں۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گل شیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ دفاع پاکستان شہداء کی عظیم قربانیوں کا دن ہے جنہوں نے اپنے خون سے وطن کی آزادی اور سلامتی کو دوام بخشا۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ ان قربانیوں کو یاد رکھیں اور اپنے کردار و عمل سے ملک کی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، محنت اور اتحاد کے ذریعے ہم پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچا سکتے ہیں۔

تقریب میں طلباء و طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور خاکے پیش کیے جنہیں سامعین نے بھرپور داد دی۔