لیہ: اسپیشل سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ذیشان شبیر رانا نے کہا ہے کہ لیہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے لئے مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اعلان کردہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے موزوں اراضی کا انتخاب اور اس کی الاٹمنٹ کے تمام مراحل جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ خطے کے طلبہ اور عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس لیہ میں میڈیکل کالج منصوبے سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر بلال سعید، اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان اور ایکسیئن بلڈنگ سجاد حسین بھی شریک ہوئے۔

ذیشان شبیر رانا کا کہنا تھا کہ میڈیکل کالج لیہ کے عوام کی دیرینہ خواہش اور اس خطے کی ناگزیر ضرورت تھی، جسے وزیر اعلیٰ پنجاب نے خوش دلی سے منظور کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال میں اس منصوبے کے لئے خاطر خواہ بجٹ مختص کیا گیا ہے، اس لئے متعلقہ ادارے فوری طور پر عملی اقدامات کا آغاز کریں۔
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر مختلف مقامات پر اراضی کی نشاندہی مکمل کر کے تجاویز متعلقہ فورم کو ارسال کر دی گئی ہیں، اور جلد منصوبے پر عملی پیش رفت شروع کر دی جائے گی۔

بعد ازاں اسپیشل سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ذیشان شبیر رانا نے جنرل اسپتال کا دورہ بھی کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔