وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام کو مقررہ نرخوں پر آٹا فراہم کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی سربراہی میں گندم کے غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں اور غیر رجسٹرڈ اسٹاک کے خلاف آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔
اس سلسلے میں ایس ڈی ای او پیرا فہد نور اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمد سرور خان نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کوٹ سلطان، کھرل عظیم اور جمن شاہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور متعدد غیر قانونی گودام سیل کر دیے۔ ان گوداموں سے 46 ہزار سے زائد گندم کے گٹو برآمد ہوئے۔
اسی طرح ای اے ڈی اے عمران ستار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کوٹلہ حاجی شاہ کے علاقے میں چھاپہ مارا، جہاں ایک اور غیر قانونی گودام سیل کر دیا گیا۔ اس گودام میں 15 سو سے زیادہ گندم کے گٹو ذخیرہ کیے گئے تھے۔

ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق گندم اور آٹے کی سپلائی چین ہر حال میں برقرار رکھی جائے گی تاکہ عوام کو آٹا اور روٹی سرکاری طور پر مقررہ نرخوں پر میسر ہو سکے۔


