لاہور: آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے نئے سائیکل کا آغاز 12 اکتوبر سے پاکستان میں ہوگا، جب قومی ٹیم 2023-25 کے چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
پہلا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 اکتوبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو رواں سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے لیے اسٹیڈیم کی مکمل تزئین و آرائش کے بعد پہلا پانچ روزہ میچ ہوگا۔
دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ جنوبی افریقہ کا جنوری 2021 کے بعد پاکستان کا پہلا ٹیسٹ دورہ ہوگا، جب مہمان ٹیم کو دو میچوں کی سیریز میں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں مدمقابل ہوں گی، جو 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک جاری رہیں گے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جبکہ باقی دو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز کا اختتام تین ایک روزہ میچوں سے ہوگا جو 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ یہ اقبال اسٹیڈیم میں 17 سال بعد پہلا ون ڈے ہوگا۔ اس میدان میں آخری بار اپریل 2008 میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔