خواندگی کے عالمی دن پر وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام
اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خواندگی کے عالمی دن 8 ستمبر 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کیونکہ تعلیم کسی بھی قوم کی تعلیمی، معاشی اور معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم صرف لکھنے پڑھنے کی صلاحیت نہیں بلکہ یہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر قوم کی بنیادوں کو مضبوط کرتے ہوئے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ خواندگی اور علم کا سفر نسلوں کو سنوارنے اور ملک کو بامعنی ترقی کی طرف لے جانے کا ذریعہ ہے، اسی لیے یہ حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواندگی کی شرح 60 فیصد ہے جو عالمی معیار اور خطے کے دیگر ممالک سے کم ہے۔ یہ صورتحال اس امر کی یاد دہانی کراتی ہے کہ تعلیم کو قومی ترجیحات میں سرفہرست رکھتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ بچوں، نوجوانوں اور معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کی اہمیت اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے اور قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اس کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں خواندگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں تاکہ ہر بچہ بنیادی کے ساتھ اعلیٰ تعلیم، ہنر مندی اور ٹیکنیکل علم حاصل کر سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ناخواندگی کے خاتمے کا مقصد حکومت تنہا حاصل نہیں کر سکتی، اس کے لیے والدین، اساتذہ اور ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے قوم سے عہد کیا کہ ہمیں علم کی روشنی سے ناخواندگی کے اندھیروں کو ختم کر کے ایک مضبوط، باصلاحیت اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھنی ہے۔