یوم بحریہ پر وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم بحریہ 8 ستمبر 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں نے ہمیشہ جرات، حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں آپریشن سومناتھ پاک بحریہ کی تاریخ کا سنہری باب ہے، جس میں بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر کامیاب حملے سے دشمن کا مواصلاتی نظام تباہ کیا گیا۔ یہ معرکہ آج بھی بحری افواج کے دفاع وطن کے جذبے کو تازہ کرتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاک بحریہ نہ صرف ملکی آبی سرحدوں کے دفاع بلکہ بحیرہ عرب میں طاقت کے توازن کو قائم رکھنے، آبی معیشت (Blue Economy) کے فروغ، بندرگاہوں کی ترقی اور آبی کمیونٹیز کی فلاح میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحریہ کی انسانی امداد، آبی گزرگاہوں کے تحفظ اور بین الاقوامی مشقوں میں شرکت نے پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلح افواج اور وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی عطا فرمائے۔
پاکستان بحریہ زندہ باد! پاکستان پائندہ باد!