
لاہور (ڈی پی آر پنجاب پولیس) پنجاب پولیس کے فورس اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے رواں سال کے دوران 1 ارب 53 کروڑ 13 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مختلف مدات میں پولیس ملازمین اور ان کی فیملیز کو ریلیف فراہم کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سکالرشپس کی مد میں 47 کروڑ 28 لاکھ 64 ہزار روپے جبکہ بیٹیوں کی شادی کے موقع پر ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 43 کروڑ 41 لاکھ 35 ہزار روپے جاری کیے گئے۔ علاج معالجے میں معاونت کے لئے 22 کروڑ 75 لاکھ 78 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔
ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 19 کروڑ 53 لاکھ 55 ہزار روپے، گذارا الاؤنس کے طور پر 14 کروڑ 9 لاکھ 62 ہزار روپے، جبکہ تدفین اخراجات کے لئے 4 کروڑ 71 لاکھ 50 ہزار روپے جاری کئے گئے۔ فوری مالی امداد کی مد میں 1 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ویلفیئر فنڈ اور دیگر ذرائع آمدن سے حاصل ہونے والے وسائل کے ذریعے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی مشکلات کم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں۔