لیہ : غیر معیاری اور بغیر لائسنس کے بیج فروخت کرنے پر سیڈ انسپکٹر لیہ کی جانب سے کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ کارروائی کے دوران غیر منظور شدہ بیج ضبط کر لیے گئے جبکہ پانچ دکانداروں کے خلاف کیس مجسٹریٹ درجہ اول کی عدالت میں بھجوا دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری زراعت افتخار احمد سہو اور ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت پر جعلی و غیر معیاری بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر/ سیڈ انسپکٹر محمد طلحہ شیخ نے لیہ، پہاڑ پور، کلو چوک اور کوٹ سلطان میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔
کارروائی کے دوران سیڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے، بغیر ٹیگ اور غیر منظور شدہ بیج فروخت کرنے، بغیر لائسنس کاروبار چلانے، بیجوں کی فروخت کا ریکارڈ مکمل نہ رکھنے اور نمایاں جگہوں پر ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر پانچ سیڈ ڈیلرز کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران ہزاروں روپے مالیت کے سبزیات، مکئی اور دیگر فصلوں کے بیج بھی ضبط کر لیے گئے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ جعلی زرعی ادویات، کھاد اور بیج فروخت کرنے والے کسانوں اور زراعت کے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت ایکشن جاری رہے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحصیل اور یونین کونسل سطح پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ ایسے مکروہ کاروبار میں ملوث افراد کے سامان کو فوری ضبط کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
(پریس ریلیز)