علی پور (پریس ریلیز) دریائے ستلج اور دریائے چناب کے سنگم پر واقع پنجند ہیڈ ورکس پر آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جس سے علی پور کے نواحی علاقے خصوصاً عظمت پور شدید متاثر ہوئے ہیں۔ زیرِ آب آنے والے علاقوں میں متاثرہ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے حکومت پنجاب اور پاک فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری خود عظمت پور پہنچے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ، ایڈیشنل کمشنر عوید ارشاد بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر علی پور اور دیگر انتظامی حکام بھی موجود تھے جو آپریشن کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔

ریسکیو آپریشن میں پاک فوج، ریسکیو 1122، پولیس اور مقامی انتظامیہ بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ کشتیوں اور خصوصی ریسکیو گاڑیوں کے ذریعے ہزاروں متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ مزید متاثرین کی منتقلی اور امدادی سرگرمیاں تیز رفتاری سے جاری ہیں۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے علی پور شہر میں قائم گورنمنٹ گرلز اسکول ریلیف کیمپ کا بھی معائنہ کیا اور متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ:
“ہم آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اب تک ہزاروں افراد کو سیلاب زدہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ریلیف کیمپس میں متاثرین کو خوراک، پینے کا صاف پانی، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی واضح ہدایات ہیں کہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کی بھرپور مدد کی جائے۔
علی پور اور گردونواح میں قائم ریلیف کیمپس میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کو ہر قسم کی بنیادی ضرورت پہنچانے کے لیے ایمرجنسی اقدامات اٹھا رکھے ہیں۔ سیلابی صورتحال پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ، پاک فوج اور ریسکیو ادارے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔