سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی
ملتان :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیر کے روز ملتان کے گیلانی ڈمرا ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو زرعی ایمرجنسی نافذ کرنی چاہیے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے فوری اور شفاف مالی امداد فراہم کرنی چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان کے بقول انسانی جانوں کو بچانا، متاثرین کو ریلیف فراہم کرنا اور طویل المدتی بحالی کو یقینی بنانا سب سے اہم ترجیحات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ریسکیو آپریشنز مسلسل جاری رہنے چاہئیں، راشن اور شیلٹر فوری طور پر متاثرہ علاقوں تک پہنچنا چاہیے، جبکہ بے گھر خاندانوں کی بحالی اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ اس قدرتی آفت میں سب سے زیادہ کسان متاثر ہوئے ہیں اور ان کی بحالی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا:
"زرعی شعبہ تباہ ہو چکا ہے، اگر کسانوں کی فوری امداد نہ کی گئی تو وہ دوبارہ کھڑے نہیں ہو سکیں گے۔ حکومت کو چاہیے کہ کسانوں کے بجلی کے بل اور قرضے معاف کرے تاکہ ان کا بوجھ کم ہو اور وہ اپنے کھیتوں میں دوبارہ محنت کر سکیں۔”

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ ریلیف کی تقسیم بی آئی ایس پی کے ذریعے شفاف اور مؤثر انداز میں کی جائے، کیونکہ یہ نظام کورونا وبا کے دوران کامیاب ثابت ہوا تھا۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو تجویز دی کہ سندھ میں سیلاب کے بعد جو ہاؤسنگ اسکیمیں شروع کی گئی تھیں، ان کی طرز پر پنجاب میں بھی متاثرین کے لیے مستقل رہائشی منصوبے شروع کیے جائیں تاکہ بے گھر خاندانوں کو محفوظ چھت فراہم کی جا سکے۔
پیپلز پارٹی چیئرمین نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے فوری امداد فراہم کرے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر بھی زور دیا کہ وہ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر عوام کی خدمت کے لیے متحد ہو جائیں۔
دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے متاثرہ بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے دکھ بانٹے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکن ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، رکن قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی، علی قاسم گیلانی، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، ملک منظور اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔