پاک ایران تعلقات، توانائی و تجارت کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال، تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ لاہور میں ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے معزز ایرانی سفیر اور قونصل جنرل کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، توانائی اور تجارت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر پاک ایران تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔
قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدر کی پاکستان آمد اور لاہور میں ان کا خیرمقدم خوشگوار تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر ایک دوراندیش، معتبر اور دانا شخصیت رکھتے ہیں۔ نواز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو اعلیٰ ترین سطح تک لے جانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستان کی دعائیں اور ہمدردیاں ہمیشہ ایران کے ساتھ رہیں۔ نواز شریف نے یاد دلایا کہ صدر رفسنجانی کے دور میں انہوں نے ایران کا پہلا دورہ کیا اور وہاں مضبوط تعلقات کی بنیاد رکھی گئی۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ کی شخصیت نہایت متاثر کن ہے اور یہ بات انہیں خوشی دیتی ہے کہ ایرانی عوام علامہ اقبال کو "اقبال لاہوری” کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف کامیاب جنگ جیتنے پر ایرانی بھائیوں کو گلے لگا کر مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں، تاہم سابقہ دور میں بدقسمتی سے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں رہے۔ اب حکومت پاکستان اچھے تعلقات قائم کرنے کی خواہاں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان نے باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے، اور اس موقع پر ایرانی عوام اور حکومت کی ہمدردی و یکجہتی دونوں ممالک کے دیرینہ رشتے کی عکاس ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کے باعث بھاری نقصان ہوا لیکن بروقت اقدامات سے ہزاروں قیمتی جانیں بچانے میں کامیابی ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے ہمیشہ بہادری سے جنگ لڑی، اور ان کے والد محمد نواز شریف بھی انہیں ایران کے لیے دعا کرنے کی تلقین کرتے رہے۔ مریم نواز شریف نے بتایا کہ اپنے تعلیمی دور میں انہوں نے خصوصی طور پر فارسی زبان کا مضمون بھی پڑھا تھا۔

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کے دوران کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات نہایت متاثر کن اور مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی بھرپور حمایت پر پاکستانی قیادت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ ایرانی سفیر کے مطابق پاکستان کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات دن بدن مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے پاکستان آنے والا ہر وفد سب سے پہلے لاہور کا رخ کرتا ہے کیونکہ لاہور ایک علاقائی ثقافتی مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے لیے مریم نواز شریف کے متاثر کن اقدامات کی بدولت دنیا بھر کے لوگ پنجاب کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 9 نومبر کو ایران میں اقبال ڈے منایا جائے گا جبکہ ایران کے میوزیکل بینڈ بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ایرانی سفیر نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت 300 سے زائد ایرانی طلبہ پاکستانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور یہ طلبہ میاں محمد نواز شریف کو والد کی طرح احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
غزہ کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ یہ موقف قابلِ تحسین اور تقلید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب انہوں نے اپنا منصب سنبھالا تو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر صرف 3 ارب روپے تھے، لیکن آج یہ 20 ارب روپے سے زائد ہو چکے ہیں۔ اسی طرح مہنگائی کی شرح جو 40 فیصد تھی، اب 5 فیصد سے بھی کم رہ گئی ہے۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کے دوران عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر جس طرح محنت اور خدمت کی ہے وہ لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام مریم نواز شریف کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ فارسی زبان کو پنجاب کی جامعات میں مزید فروغ دیا جائے۔