وزیراعلیٰ پنجاب کا پاک نیوی ڈے پر پیغام
شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت، بحری محافظوں کے عزم و استقلال کو سلام
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاک نیوی ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نیوی کے شہداء، غیور افسران اور ہر سیلر کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کے ہر افسر اور ہر جوان پر پوری قوم کو فخر ہے۔ نیوی کے شہداء نے اپنے پاک لہو سے جرات اور قربانی کی لازوال داستان رقم کی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سمندر کی بپھری ہوئی لہریں گواہ ہیں کہ پاکستان نیوی کا عزم و استقلال بے مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کا کردار صرف دفاع تک محدود نہیں بلکہ امن، استحکام اور پاکستان کے عالمی وقار کی ضامن بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کے دلیر سپوت دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ "قوم کے ہر بچے کا دل بحری محافظوں کے لیے فخر سے لبریز ہے۔”