وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی سربراہی میں پیرا فورس اور پرائس مجسٹریٹس نے شہر کی مختلف مارکیٹوں کا اچانک معائنہ کیا، جہاں قیمتوں اور اشیاء کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر چکن فروخت کرنے والے متعدد دکاندار مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر سامان فروخت کرتے پائے گئے، جس پر مجموعی طور پر 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کر دی گئی ہیں جبکہ پیرا فورس کی ٹیمیں بھی روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں کام کر رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تاجروں کو سختی سے تنبیہ کی کہ وہ سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کریں ورنہ بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے مزید کہا کہ صارفین کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، لہٰذا تمام کاروباری حضرات شہریوں کو بلا تعطل اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے تاکہ عام آدمی کی مشکلات کم کی جا سکیں۔