لیہ میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور ای پی اے (انویئرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی) کی مشترکہ کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محمد ارشد چغتائی کی زیرِ نگرانی انسپکٹر ماحولیات ذوالقرنین احمد قریشی اور فیلڈ اسسٹنٹ اسد عباس پر مشتمل ٹیم ضلع بھر میں سرگرم عمل ہے اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔
گزشتہ دو روز کے دوران تحصیل کروڑ میں متعدد بھٹہ جات کا معائنہ کیا گیا جن میں سے دو بھٹہ جات پر اینٹوں کی غیر قانونی ترتیب کو موقع پر ہی مسمار کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ دو رائس ملز میں آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات کی جانچ پڑتال کی گئی تاکہ فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔
اسی طرح چھ سروس اسٹیشنز پر واٹر ری سائیکلنگ سسٹم کی تنصیبات کو یقینی بنایا گیا تاکہ پانی کے ضیاع اور آلودگی کو روکا جا سکے۔ ماحولیاتی بہتری کے لیے مختلف بھٹہ جات کے اطراف اور ایک فلور مل میں سو سے زائد درخت بھی لگائے گئے، تاکہ ماحول کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔
ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لیے اکتالیس مقامات کا معائنہ کیا گیا، جبکہ ہسپتالوں میں رسک ویسٹ کے مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نجی اسپتال اور چار کباڑ خانوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران یہ امر بھی سامنے آیا کہ بعض دکانیں غیر قانونی پلاسٹک بیگز فروخت کر رہی تھیں، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پینتیس کلوگرام سے زائد پلاسٹک بیگز ضبط کر لیے گئے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محمد ارشد چغتائی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ای پی اے کی یہ مہم عوامی صحت کے تحفظ، فضائی و زمینی آلودگی کے خاتمے اور ضلع کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کو صاف اور صحت مند رکھنے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔