ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ تحصیل کروڑ لعل عیسن میں عارضی تجاوزات، چھپروں اور تھڑوں کو مسمار کر دیا گیا تاکہ شہریوں کو کھلا اور خوشگوار ماحول میسر ہو سکے۔
آپریشن کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کروڑ لعل عیسن محبوب اقبال ہنجرا سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مقامی پولیس اور عملے کی معاونت سے کئی مقامات پر غیر قانونی طور پر قائم کیے گئے تھڑے، چھپر اور تجاوزات ہٹا دی گئیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام الناس کی سہولت اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا سڑکوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن افراد نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں وہ فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت انہیں ختم کر دیں، بصورت دیگر ضلعی انتظامیہ سخت قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔ انتظامیہ کے مطابق اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔