اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ نعمان محمود نے میونسپل کمیٹی چوبارہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آفیسر اور ایم او آر کے ہمراہ شہر کی صفائی، تزئین و آرائش اور ناجائز تجاوزات کے خاتمے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران انہوں نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے اجلاس میں موجود تمام عملے کی حاضری بھی چیک کی اور کہا کہ ہر اہلکار اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ ادا کرے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی ستھرائی کے معیار میں بہتری اور تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری حل اور انہیں ایک صاف، خوشگوار اور بہتر ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھی جائے گی تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں سہولت اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔