اسلام آباد: وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ٹیکس نظام کی بہتری، ٹیکس دہندگان کی پذیرائی اور ٹیکس چوری کی روک تھام کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کو بھرپور پذیرائی دی جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس دہندگان ذمہ دار شہری ہیں جو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ٹیکس ادا کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور ٹیکس چوروں کی سرزنش سے ٹیکس نیٹ میں مزید وسعت آئے گی۔
وزیراعظم نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ ٹیکس دہندگان کو کاروبار دوست ماحول اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں۔ اس کے ساتھ ہی ٹیکس چوری کرنے والے افراد اور کمپنیوں کی شناخت اور ان سے محصولات کی وصولی کے لیے ماہر پروفیشنلز اور نجی شعبے کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کے ٹیکس چوری کے خلاف اقدامات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ لوگ ٹیکس نظام میں شامل ہونے کے فوائد سمجھ سکیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کسٹم کلیرینس کے عمل میں مس ڈیکلیریشن اور انڈر انوائسنگ کے خاتمے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام ترتیب دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے بہترین بیرون ملک آڈیٹرز منتخب کیے گئے ہیں جنہیں ’’سپر آڈیٹرز‘‘ کا درجہ دیا گیا ہے۔ یہ آڈیٹرز کسٹم کلیرینس اور رسک مینجمنٹ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں، اور ان کے نتائج سسٹم کی بہتری کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس پیئر ڈائریکٹری کی تیاری پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو حکومتی سطح پر نمایاں مقام دیا جا سکے۔ مزید یہ کہ ایک سائنٹفک آڈٹنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت سپر آڈیٹرز کے مشاہدات کو آئندہ پالیسی سازی میں استعمال کیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔