جبری گمشدگیوں پر انکوائری کمیشن نے اگست کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی
اسلام آباد :جبری گمشدگیوں پر انکوائری کمیشن (COIED) نے اپنی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگست 2025 کے دوران لاپتہ افراد کے 103 کیسز نمٹا دیے گئے جبکہ 11 نئے کیسز رجسٹر ہوئے۔
منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق مارچ 2011 سے اگست 2025 تک کمیشن کو مجموعی طور پر 10 ہزار 618 کیسز موصول ہوئے، جن میں سے 8 ہزار 873 کیسز نمٹا دیے گئے جو کہ 83.56 فیصد بنتے ہیں۔ ان میں 6 ہزار 809 افراد ایسے تھے جن کے بارے میں کمیشن نے کامیابی سے سراغ لگایا۔
اس وقت 1 ہزار 745 کیسز کمیشن کی اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور لاہور رجسٹریوں میں زیرِ تفتیش ہیں، جبکہ کے پی رجسٹری ستمبر 2025 کے تیسرے ہفتے میں فعال ہونے کا امکان ہے۔
مزید برآں کمیشن نے ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کا آغاز کر دیا ہے، جس سے اہلخانہ اور دیگر فریقین کو وقت اور اخراجات میں نمایاں بچت ہو رہی ہے۔
چیئرمین جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ مقدمات کو تیز تر بنانے اور متاثرہ خاندانوں کو دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے لیے مختلف تھانوں کے دورے بھی کر رہے ہیں۔