اسلام آباد – چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ حالیہ سیلابوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، اب تک 25 لاکھ سے زائد افراد کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیلاب کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ ان کے مطابق مون سون کا موجودہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز میں ختم ہو جائے گا، تاہم 16 اور 18 ستمبر کو جنوبی پنجاب میں بارشوں کا ایک اور اسپیل متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج، چناب اور راوی کی صورتحال فی الحال قابو میں ہے جبکہ سندھ میں تمام ادارے این ڈی ایم اے کی ہدایات کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قدرت کی طرف سے ایک تنبیہ ہے اور امکان ہے کہ آئندہ برسوں میں ایسے واقعات کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔