ہاؤسنگ پریمئر لیگ کا باقاعدہ افتتاح ایک پروقار تقریب میں کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک اور سابق صوبائی وزیر سید رفاقت علی گیلانی نے لیگ کا افتتاح کیا۔ فیتہ کاٹنے اور روایتی انداز میں گیند کو میدان میں پھینکنے کے بعد مقابلوں کا آغاز کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں اور اس قسم کے ایونٹس نہ صرف ٹیلنٹ کو سامنے لاتے ہیں بلکہ مثبت معاشرتی رویوں کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔
سابق صوبائی وزیر سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ ہاؤسنگ پریمئر لیگ مقامی کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس سے نوجوان کرکٹ میں اپنی پہچان بنا سکتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور انہیں بہترین کھیل پیش کرنے کی ہدایت کی۔ افتتاحی میچ میں شائقین نے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی اور گراؤنڈ تالیوں اور نعروں سے گونجتا رہا۔