لیہ :چک نمبر 148 میں ملک نور محمد جھورڑ کی میزبانی میں ایک عظیم الشان محفلِ میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ محفل میں علما کرام، معززینِ علاقہ، نوجوانوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس روحانی محفل کے مہمانِ خصوصی پیر سید رفاقت شاہ گیلانی (سابق ایم پی اے و صدر استحکام پاکستان پارٹی جنوبی پنجاب) تھے جنہوں نے خصوصی طور پر شرکت کی اور محفل کے اختتام پر دعا بھی کروائی۔

محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خواں حضرات نے سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کیے۔ نعتیہ کلام پر محفل درود و سلام کی صدا سے گونجتی رہی۔
خطاب کرتے ہوئے علما کرام نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کی برکتوں سے دلوں کو سکون اور رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیرتِ طیبہ پر عمل ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ ہے۔
محفل کے اختتام پر پیر سید رفاقت شاہ گیلانی نے ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور علاقائی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ میزبان ملک نور محمد جھورڑ نے تمام شرکاء اور مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔