لیہ: ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اے ڈی سی آر محمد شاہد ملک، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبد القیوم خان، افسرانِ تعلیم اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری اسکولوں میں موجودہ سہولیات، مسنگ فسیلیٹیز، کمروں کی مخدوش حالت اور نصاب کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے جیسے اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں جدید نصاب اور بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ بہترین تربیت بھی فراہم کی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ اسکولوں میں غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد بھی لازمی بنایا جائے تاکہ طلبہ کی شخصیت سازی اور اعتماد میں اضافہ ہو۔ اس موقع پر انہوں نے ایجوکیشن آفیسرز کو واضح ہدایت دی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اسکولوں کے دورے کریں اور اپنی موجودگی کو جی پی ایس کیمرہ کے ذریعے رپورٹ کریں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے معاملات میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور حکومت پنجاب تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔