ملتان: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں سب کو متحد ہو کر سیلاب متاثرین کی خدمت کرنا ہوگی، شہریوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز جلال پور پیر والا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کیا۔
وفاقی وزیر مواصلات نے اس موقع پر گیلانی ہائی وے پر قائم بریچنگ پوائنٹ اور جلال پور پیر والا کے عارضی بند کا معائنہ کیا۔ انتظامیہ نے انہیں موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ این ایچ اے کو ہر وقت چوکس رہنا ہوگا اور انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے این ایچ اے نے بروقت شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا، جس سے بڑے نقصان سے بچا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلابی صورتحال غیر متوقع تھی لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور متاثرین کی خدمت کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو سہارا دیا جا سکے۔
بعد ازاں عبدالعلیم خان نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں قائم عارضی خیمہ بستی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متاثرین کے لیے جاری ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات اور دیگر سینئر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔