اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے شہریوں کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریل کار کے مجوزہ منصوبے سے جڑواں شہروں کے مکینوں کو مزید سہولت میسر آئے گی جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے یہ بات جمعہ کے روز جی ٹی روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے کے جنکشن پر ٹی چوک روات فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزراء، اراکینِ اسمبلی، سی ڈی اے حکام اور وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک کلومیٹر طویل فلائی اوور ایکسپریس وے اور دیگر علاقوں کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور شہریوں کو سفری مشکلات سے نجات دلائے گا۔ انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور سی ڈی اے حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان 2027ء میں ایس سی او سمٹ کی میزبانی کرے گا، جس کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کرنی ہوں گی۔ انہوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافے کی ہدایت دیتے ہوئے بتایا کہ تاجکستان نے مختلف اقسام کے پودے بطور تحفہ دیے ہیں، جنہیں شہر کی تزئین و آرائش کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں میں سفری سہولیات کے نئے منصوبوں پر وزیر داخلہ اور وزیر ریلوے کام کر رہے ہیں، جن میں ریل کار منصوبہ شہریوں کو آسانیاں فراہم کرے گا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ کے لیے ای وی ٹرانسپورٹ کے فروغ اور میٹرو بس سروس کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
تقریب میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبہ 150 دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا اور تمام اہداف اعلیٰ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے حاصل کیے جائیں گے۔
سی ڈی اے حکام کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ منصوبے پر ایک ارب 49 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی، جبکہ روزانہ ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کا دباؤ کم کرنے میں یہ منصوبہ مددگار ثابت ہوگا۔ فلائی اوور کی لمبائی ایک کلومیٹر سے زائد اور چوڑائی 11.30 میٹر ہوگی، جبکہ اس کے ساتھ اسٹریٹ لائٹس اور ہارٹیکلچر کا انتظام بھی کیا جائے گا۔